چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں درج 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت میں پیشی کے لیے لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئے۔ عمران خان کو 2 بجے دن عدالت میں پیش ہونا ہے تاہم وہ 1 گھنٹہ قبل ہی لاہور ہائی کورٹ پہنچ چکے ہیں۔
عمران خان زمان پارک سے اسپیشل اسکواڈ کے ساتھ روانہ ہوئے، اس موقع پر ان کے ساتھ زیادہ کارکن نہیں تھے جب کہ پولیس کی نارمل سکیورٹی انہیں حاصل تھی اور وہ سگنل پر رکتے ہوئے ہائی کورٹ پہنچے۔
عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کے 2 مقدمات( تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ) میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، عدالت نے انہیں آج پیش ہونے کا حکم دیا تھا، عدالت نے قرار دیا تھا کہ حفاظتی ضمانت چاہیے تو عدالت میں مقررہ وقت پر موجود ہوں، یہ نہیں ہو گا کہ وہ سات یا آٹھ بجے آ رہے ہیں۔
عدالت نے عمران خان کے دستخط اسکین شدہ ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے ان کے وکیل کو تصدیق کی ہدایت کی تھی۔
عمران خان نے اسلام آباد میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج دو مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

