سابق بھارتی بالر روی چندرن ایشون بھی پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے حق میں بول پڑے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے روی چندرن ایشون کا کہنا تھا کہ عثمان طارق کا کریز پر وقفہ لینا قانونی ہے، کریز پر وقفہ لینا معمولی ایکشن ہے۔ بالر کے ایکشن کی قانونی حیثیت آئی سی سی ٹیسٹنگ سینٹر میں ہی جانچی جا سکتی ہے۔ 15ڈگری کے اصول کے تحت کہنی کو سیدھا رکھنا ضروری ہے،مقابلے کے دوران حقیقی وقت میں ٹیسٹنگ ٹول ہی اس کا حل ہے۔کسی پر اس طرح غیر قانونی ایکشن کا الزام لگانا غلط ہے۔ یاد رہے بھارتی کرکٹر شری واستو گوسوامی نے عثمان طارق کے ایکشن پر تنقید کی تھی ،شری واستو گوسوامی نے ایکس پر ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا ’’حتیٰ کہ فٹبال میں کھلاڑیوں کو پنالٹی کک کے دوران روک کر کک مارنے کی اجازت نہیں ہوتی۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا یہ کیسے اوکے ہو سکتا ہے؟ ایکشن ٹھیک ہے لیکن رکنا (pause)؟ یہ بہت زیادہ ہے جب آپ گیند پھینک رہے ہوں، یہ سلسلہ اس طرح نہیں چل سکتا۔






