برازیل سے تعلق رکھنے والے سائنسدانوں نے چاکلیٹ کے ذائقے والا شہد بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اسٹیٹ یونیورسٹی آف کيمپيناس کے ماہرین نے مقامی شہد میں کوکا بیج کے ٹکڑوں کو شامل کرکے یہ شہد تیار کیا۔ اس شہد کو کھایا جاسکتا ہے یا کھانوں میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ اس شہد کے حوالے سے ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ یہ صحت کے لیے بہت زیادہ مفید شہد ہے جس میں کیفین اور ایسے مرکبات موجود ہیں جو دل کی صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ شہد ورم کش اور اینٹی آکسائیڈنٹس خصوصیات سے لیس ہے۔ اس شہد کے حوالے سے ابھی تحقیقی کام جاری ہے اور دیکھا جائے گا کہ لوگوں کو اس کا ذائقہ کس حد تک پسند آتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ یقیناً لوگوں کے لیے سب سے بڑی چیز اس کا ذائقہ ہوگی مگر ہمارے تجزیے سے ثابت ہوا ہے کہ اس میں موجود حیاتیاتی مرکبات بھی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق سے معلوم ہوگا کہ دل کی صحت کے لیے علاوہ اس شہد کے استعمال سے صحت کو مزید کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں۔






