گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی کچن سے جڑی کئی مشکلات سامنے آتی ہیں، جن میں سب سے عام مسئلہ دودھ کا جلد خراب ہونا ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ صبح خریدا گیا تازہ دودھ چند گھنٹوں میں ہی پھٹ جاتا ہے، جس سے اس مہنگائی کے دور میں مالی نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے۔ ماہرین کے مطابق زیادہ درجہ حرارت میں بیکٹیریا تیزی سے بڑھتے ہیں، جو دودھ کو خراب کرنے کی بڑی وجہ بنتے ہیں۔ اگر دودھ کو زیادہ دیر تک کھلا چھوڑ دیا جائے یا صاف برتن میں محفوظ نہ کیا جائے تب بھی یہ جلدی خراب ہوسکتا ہے۔ دودھ کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ اسے اچھی طرح ابالا جائے۔ ابالنے کے فوراً بعد اسے ٹھنڈا کر کے فریج میں رکھ دینا چاہیے۔ کئی لوگ یہ غلطی کرتے ہیں کہ دودھ کو ابالنے کے بعد باہر ہی چھوڑ دیتے ہیں، جس سے وہ جلد خراب ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دودھ کو ہمیشہ ڈھک کر رکھیں اور نکالتے وقت صاف چمچ یا برتن کا استعمال کریں۔ معمولی سی گندگی بھی دودھ کے خراب ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔ ایک آسان گھریلو نسخہ بھی اس مسئلے کا حل بن سکتا ہے۔ دودھ ابالتے وقت اگر اس میں ایک چمچ چینی شامل کر دی جائے تو یہ زیادہ دیر تک تازہ رہتا ہے اور جلد خراب نہیں ہوتا، جبکہ اس کے ذائقے میں بھی خاص فرق نہیں پڑتا۔ اگر ان سادہ احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے تو گرمیوں میں بھی دودھ کو طویل وقت تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے اور روزمرہ کے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔






