چند لوگ 9 مئی جیسے واقعے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں: محسن نقوی

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ چند لوگ 9 مئی واقعے کو دوبارہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ سیاسی طریقے سے احتجاج کرنا ہرکسی کا حق ہے، اگر کسی نے 9 مئی کی طرح کا واقعہ دہرانے کی کوشش کی تو سخت ردعمل ہو گا، ہم نہیں چاہتے کہ 9 مئی جیسے واقعات دوبارہ ہوں۔ نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ پُرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے، موبائل فون سروس کا بند کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کا تھا۔ ہم نے اپنا فرض احسن طریقے سے ادا کیا، انتخابی نتائج پر اگر کسی کو اعتراض ہے تو متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوس شواہد ہیں کہ چند لوگ 9 مئی جیسے واقعے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، ایجنسیز نے منصوبہ بندی سے متعلق گفتگو پکڑی ہے، کسی نے بھی شرپسندی کی کوشش کی تو سخت نتائج بھگتنا ہونگے، اس بار ہمارا ردعمل پہلے سے زیادہ سخت ہوگا، نہیں چاہتے قوم تقسیم ہوں۔ نگران وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ لوگوں کے پاس قانونی راستہ موجود ہے، انتخابی نتائج پرکسی کواعتراض ہےتو متعلقہ فورم پررجوع کرے لیکن کسی صورت میں 9 مئی کا واقعہ نہیں دہرانے دیں گے، ملک اس قسم کی حرکتوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔