سابق وزیراعظم عمران خان کو بیرون ملک سے ملنے والے تحائف کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے 2019 کے بعد عرب ممالک سے ملنے والا کوئی تحفہ ظاہر نہیں کیا، عمران خان نے عرب ممالک کے 10 دوروں میں ملنے والے قیمتی تحائف چھپائے، 10 دورے 2019 سے 2021 کے درمیان ہوئے، تحائف…
ذرائع کا کہنا ہےکہ 10میں سے 5 دوروں میں ملنے والے تحائف کو ہی ظاہر کیا گیا،صرف کم قیمت تحائف ظاہر کیے اور مہنگے تحائف ظاہر نہیں کیےگئے، سابق خاتون اول بشرٰی بی بی بھی ان 10 دوروں میں عمران خان کے ہمراہ تھیں، بشریٰ بی بی نے صرف ایک دورے میں ملنے والے تحائف ظاہر کیے۔
ذرائع کے مطابق فواد چوہدری، حماد اظہر، امین اسلم،مولانا طاہر اشرفی نے بھی تحائف ظاہر نہیں کیے، اسد عمر نے صرف ایک دورے میں ملنے والے تحائف ظاہرکیے، عبدالرزاق داؤد نے صرف ایک گھڑی اور ہرن کا ماڈل ہی ظاہر کیا، ذوالفقار بخاری نے صرف 2 دوروں میں ملنے والے تحائف ظاہر کیے۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ فروری 2020 میں عمران خان کو 3 لاکھ 25 ہزار کی گھڑی تحفے میں ملی، شاہ محمودقریشی، ذلفی بخاری اور ندیم بابر کی گھڑیاں زیادہ قیمتی تھیں، 44 ماہ کے اقتدار کے دوران عمران خان نے کوئی قیمتی تحفہ ظاہر نہیں کیا، عمران خان نے 110 ملین (11 کروڑ) مالیت کے تحائف ظاہرکیے اور یہ تحائف 20 فیصد ادا کرکے حاصل کیے، تحائف فروخت کرکے حاصل آمدن سے توشہ خانہ میں 20 فیصد قیمت جمع کرائی گئی۔






