وفاقی وزیر ماحولیات سینیٹر شیری رحمان نے بینظیر بھٹو کے 15ویں برسی پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن ہم سے ہماری قائد اور اس ملک سے اس کا مستقبل چھینا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیری رحمان کا کہنا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 15ویں یوم شہادت پر ان کو سلام پیش کرتی ہوں، محترمہ بینظیر بھٹو کا قتل انسانیت کا قتل تھا آج کے دن ہم سے ہماری قائد اور اس ملک سے اس کا مستقبل چھینا گیا، شہید بی بی پاکستان کے عوام کیلئے ایک امید تھیں، قاتلوں نے عوام سے ان کی امید چھین لی، شہید بی بی تمام صوبوں کی زنجیر تھیں، قاتلوں نے ان کو قتل کرکے ملک کو توڑنے کی کوشش کی، آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر اس سازش کو ناکام بنایا۔
وفاقی وزیر ماحولیات نے کہا ہے کہ شہید بی بی نے نظربندی، قید، جلاوطنی اور دیگر سختیاں برداشت کی، اپنے والد، بھائیوں اور کارکان کے جنازے اٹھائے، ان کی زندگی اور عوام، آئین، پارلیمان اور ملک کے خاطر سیاسی جدوجہد ان کے نام کی طرح بینظیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی 15ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
شيرى رحمان کا کہنا ہے کہ ہماری قائد اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کو دن دہاڑے بے دردی سے قتل کیا گیا، ان کا خاندان، پیپلز پارٹی اور کارکنان 15 سال بعد بھی اپنی قائد کے قتل کیس میں انصاف کے منتظر ہیں۔

