عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کا دورہ چین ملک کی خارجہ پالیسی کا تعین کرے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہ چین انتہائی اہم ہے جو آئندہ ملک کی خارجہ پالیسی کا تعین کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل عاصم منیر 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے
انہوں نے کہا کہ حکومت عدلیہ کو دھمکیاں دینے کے بجائے آئین و قانون کا احترام کرے ورنہ یہ آئین اور قانون کے شکنجے میں پہلے ہی خود آچکے ہیں، الیکشن میں جانا سیاسی خودکشی کرنے سے بہتر ہے، مولانا فضل الرحمان وہاں لے جا کر مارے گا جہاں کوئی نہیں بچائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری بلاول بھٹو کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اپریل کے مہینے میں غربت کے ہاتھوں ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی میں41 لوگوں نے خودکشی کی جبکہ کل 6 لوگوں نے خودکشی کی، ساری شریف فیملی نے گھر کی چار دیواری کے اندر عیدالفطر کی نماز ادا کی۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ زرداری نے ناکامی کا سارا ملبہ شہباز شریف پرڈال دیا ہے خود نیک پروین بن کر بیٹھ گیا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ الیکشن پورا ہو یا پنجاب کا ہو ہو کر رہے گا، بلاول نہ ساری دنیا سے 5 ڈالر امداد لایا نہ آئی ایم ایف سے مسئلہ حل کرایا، عدلیہ کی کردارکشی کی جارہی ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ شہبازشریف وزیرداخلہ وزیرقانون اور مولانا فضل الرحمان سامان باندھ لیں، قوم یوم نجات کی تیاری کریں، عدلیہ کا فیصلہ نہ مانا تو عمران خان کال دے گا اور ساری قوم سڑکوں پر ہوگی۔

