اسحاق ڈار کی بنگلادیشی وزیر خارجہ سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

گزشتہ روز بنگلادیش کے تاریخی دورے پر پہنچنے والے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں بنگلادیش کے مشیر خارجہ امور… وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اعلیٰ سطحی روابط، تجارت و اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم و استعداد کار میں شراکت اور انسانی ہمدردی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا بحران کے حل سمیت علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کی۔ وزارت خارجہ کے مطابق خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس سے قبل نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے مشیر تجارت شیخ بشیر الدین سے ملاقات کی، جس میں وزیر تجارت جام کمال خان بھی شریک تھے۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں اعلیٰ حکام اور بنگلا دیشی تجارتی اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوئے، گورنر بنگلادیش بینک، ایگزیکٹو چیئرمین بنگلادیش انویسٹمنٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن، چیئرمین سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایکٹنگ وائس چیئرمین ایکسپورٹ پروموشن بیورو، بنگلا دیش کے سیکرٹریز کامرس و ایوی ایشن، چیئرمین نیشنل بورڈ آف ریونیو بھی ملاقات میں موجود تھے۔ پاکستان اور بنگلا دیش کے وفود کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔