اسحٰق ڈار تین روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار برطانیہ کے تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد پاک۔برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسحٰق ڈار کی ملاقاتیں برطانوی نائب وزیرِاعظم انجیلا رینر، پاکستان کے لیے انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ ہیمش فالکنر اور کامن ویلتھ سیکرٹری جنرل شرلی ایورکور بوچوے سے طے ہیں۔ دورے کے دوران وہ برطانوی ارکانِ پارلیمان، کشمیری قیادت اور برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ایک پائلٹ منصوبے اور ’امپاس‘ کے ذریعے پاکستان ہائی کمیشن لندن میں قائم کیے گئے ’ون ونڈو آپریشن‘ کا افتتاح بھی کریں گے۔