امریکی ٹیرف کے باوجود بھارت-روس وزرائے خارجہ کی ملاقات، تجارت بڑھانے پر اتفاق

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف سے ملاقات میں روس اور بھارت کے تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کو روسی تیل خریدنے پر امریکہ کی جانب سے بلند ترین ٹیرف کا سامنا ہے، اور اگر بھارت نے روس سے تیل کی خریداری نہیں روکی تو… امریکی ٹیرف کے باوجود جے شنکر نے ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ توانائی کے مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہے، اور ان منصوبوں میں روس کے مشرق بعید اور آرکٹک شیلف کے علاقے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں روس اور بھارت نے 2 طرفہ تجارت کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تجارتی تعلقات میں وسعت کے لیے رکاوٹوں اور ریگولیٹری مسائل دور کرنا ضروری ہے۔ جےشنکر نے مزید کہا کہ فارماسیوٹیکل، زراعت اور ٹیکسٹائل میں روس کو برآمدات میں اضافہ کر رہے ہیں۔