ایک وزیراعظم کو جہاز سے اتارا گیا، جبکہ شہباز شریف کو عزت دی گئی: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب ایک وزیراعظم کو الٹی سیدھی حرکتوں کے باعث جہاز سے یہ کہہ کر اتار دیا گیا کہ “بھائی اترو اور جاؤ”، لیکن آج جب وزیراعظم شہباز شریف کا طیارہ سعودی فضائی حدود میں داخل ہوا تو انہیں سعودی جنگی جہازوں نے سلامی دی۔ سرگودھا میں الیکٹرک بس سروس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج سرگودھا کے لیے 33 نئی بسیں لے کر آئی ہوں۔ شہر کے لیے مزید 60 بسیں مختص کی گئی ہیں جبکہ پورے ڈویژن کو 105 بسوں کا تحفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جان کر افسوس ہوا کہ پورے سرگودھا ڈویژن میں دل کے امراض کا کوئی اسپتال موجود نہیں۔ اسی لیے میں نے فوری طور پر “نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی” کے قیام کا فیصلہ کیا اور آج یہ ادارہ اپنے کام کا آغاز کر چکا ہے۔ اب دل کے مریضوں کو فیصل آباد یا دیگر شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت نہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو حالیہ تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، تین بڑے دریاؤں میں ریکارڈ سطح پر پانی آیا جس سے 27 شہر اور 5 ہزار سے زائد دیہات متاثر ہوئے۔ ان کے مطابق اگر حکومت بروقت اقدامات نہ اٹھاتی تو تباہی کہیں زیادہ بڑی ہوسکتی تھی، لیکن 25 لاکھ سے زائد متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ انہیں خیمے اور خوراک فراہم کی گئی جبکہ 22 لاکھ سے زیادہ مویشی بھی بچا لیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک وزیراعظم ہوا کرتا تھا جس کو الٹی سیدھی حرکتوں پر جہاز سے اتار دیا گیا کہ بھائی اترو جاؤ۔ آج جب شہباز شریف کا جہاز سعودی ائیر اسپیس میں آیا تو اسے سعودی جنگی جہازوں نے سلامی دی۔ یہ جنگی جہازوں کی سلامی کسی سیاسی لیڈر کو نہیں بلکہ پاکستان کو دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اڈیالا میں موجود شخص کو نہیں پتا کہ پاکستان اب آگے بڑھ گیا، وہ قصہ دیرینہ ہے، شہباز شریف کی تذلیل کرنے کوشش کی گئی۔ آج سعودی عرب میں جو عزت ملی دنیا دیکھتی رہ گئی، سعودی عرب نےکہا کہ پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر حملہ تصور ہوگا۔ کبھی دیکھی ہے اتنی بڑی سفارتی کامیابی، سعودی عرب کے ساتھ کانٹریکٹ ایک کاغذ کا ٹکڑا نہیں، یہ دفاعی معاہدہ بہت بڑا کارنامہ ہے، حرمین شریفین کی پاسبانی کا شرف پاکستان کو ملا ہے۔