اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین کے پہلے بچے کی پیدائش رواں سال کے شروع میں ہوئی تھی جس کے بعد انہیں زندگی کے نئے رخ کو جاننے کا موقع ملا۔ انہوں نے والدین کی زندگی کو زبردست قرار دیتے ہوئے خاندانوں اور برادریوں کی تشکیل کی اہمیت پر زور دیا۔ ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران انہوں نے شرح پیدائش میں کمی کو مستقبل کے لیے ایک حقیقی خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے برسوں میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی میں پیشرفت کے ساتھ ساتھ خاندانوں کو مضبوط بنانے کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ سام آلٹمین کا ماننا ہے کہ خاندان اور برادری زندگی میں خوشی کے لیے ضروری ہیں اور انہوں نے توقع ظاہر کی کہ معاشرہ ایک بار ان کی جانب واپس لوٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ ‘ایک بار جب آرٹی فیشل جنرل انٹیلی جنس (اے جی آئی) کا حصول ممکن ہو جائے گا تو جدید زندگی کا دباؤ گھٹ جائے گا اور بچوں کی پرورش کرنا زیادہ آسان ہو جائے گا’۔ انہوں نے کہا کہ اے جی آئی سے ایسی دنیا کے قیام میں مدد ملے گی جہاں لوگ زیادہ خوشحال ہوں گے، ان کے پاس زیادہ وقت، وسائل، مواقع اور صلاحیتیں موجود ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے مستقبل میں خاندان زیادہ سپورٹ کے ساتھ زیادہ بہتر پروان چڑھ سکیں گے۔ سام آلٹمین نے زور دیا کہ اے جی آئی کے عہد کے بعد خاندان اور برادری زیادہ اہم بن جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ باپ بننے کے بعد انہیں زندگی زیادہ اہم اور بامقصد محسوس ہونے لگی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بچے کی پیدائش کے بعد وہ اکثر چیٹ جی پی ٹی سے رہنمائی کے لیے رجوع کرتے تھے اور اے آئی ٹیکنالوجی بچوں کی نگہداشت کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔ سام آلٹمین کے مطابق موجودہ عہد میں اے آئی میں مہارت لکھنے پڑھنے کی طرح ضروری ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے اسے بچپن میں ہی اپنا لیں۔ اس سے قبل ایلون مسک بھی عالمی آبادی میں کمی کو انسانیت کے لیے خطرہ قرار دے چکے ہیں۔

