برطانوی وزیر خارجہ کی نائب وزیراعظم سے گفتگو، سیلابی نقصانات پر ہمدردی کا اظہار

برطانیہ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے خارجہ، دولت مشترکہ و ترقیاتی امور، ڈیوڈ لیمی ایم پی نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ڈیوڈ لیمی نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوں اور حکومتِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے نائب وزیر اعظم کو لندن کے حالیہ دورے اور اس دوران ہونے والی ملاقاتوں کی کامیابی پر نیک خواہشات بھی پیش کیں۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانیہ کی جانب سے تعاون اور ہمدردی کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے برطانیہ کی جانب سے امدادی و بحالی کے اقدامات میں تعاون کے اظہار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے کی امید ظاہر کی۔