گوگل کی مقبول ای میل سروس جی میل میں میٹریل 3 ایکسپریسیو ڈیزائن اور ایک نیا فیچر شامل کر دیا گیا ہے۔ 9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق، میٹریل 3 ایکسپریسیو ڈیزائن کو سب سے پہلے جون میں متعارف کرایا گیا تھا، اور اب اسے مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ گوگل نے اس نئے ڈیزائن کو جی میل کی تلاش کی پٹی کا حصہ بنایا ہے، جس سے ہیمبرگر بٹن اور پروفائل سوئچر کو براؤزر سے ہٹا کر تلاش کے منظرنامے کے استعمال کا تجربہ بہتر بنایا گیا ہے۔ تاہم، یہ نیا ری ڈیزائن ابھی تمام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے۔ اس کے علاوہ، جی میل میں ایک نیا فیچر “مارک ایز ریڈ” بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کی آزمائش جون سے جاری تھی اور اب اسے تمام صارفین کے لیے فعال کر دیا گیا ہے۔ یہ فیچر جی میل کی اینڈرائیڈ ایپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس کے لیے جی میل میں ڈیلیٹ اور ریپلائی بٹنوں کے درمیان ایک نئے بٹن کا اضافہ کیا جائے گا۔ اس فیچر کے تحت صارفین ای میلز کو سلیکٹ کرکے بس اس بٹن پر کلک کریں تو وہ ای میلز ان ریڈ نہیں رہیں گی۔ اس فیچر کا مقصد صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے، اگر وہ کسی ای میل کو پڑھنا نہیں چاہتے مگر ڈیلیٹ بھی نہیں کرنا چاہتے تو مارک ایز ریڈ بٹن کو استعمال کرسکیں گے۔

