پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی توڑے بغیر مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکیں گے، حکومت مذاکرات کو تاخیری حربے کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔
پرویز الٰہی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے مذاکرات کی مہلت ختم ہونے والی ہے، حکومت مذاکرات کے بجائے بدستور سپریم کورٹ کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے، حکومت مذاکرات کو تاخیری حربے کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سپریم کورٹ کو چکمہ دینے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ حکومت ایک تاریخ پر الیکشن میں سنجیدہ ہوتی تو قومی اسمبلی توڑنے کا اعلان کرتی۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں (ن) لیگ کا ٹکٹ کوئی مفت میں لینے کو بھی تیار نہیں، الیکشن کا بائیکاٹ کر کے (ن) لیگ اپنا بھرم قائم رکھنا چاہتی ہے، (ن) لیگ کی طرف سے بائیکاٹ کی باتیں اعتراف شکست ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی جیت اور اس کی حکومت اب نوشتہ دیوار ہے۔

