سانحہ 9 مئی: چیئرمین پی ٹی آئی 10 کیسز میں قصوروار قرار

سانحہ 9 مئی کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے 14 مقدمات کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں جن میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو دس نامزد مقدمات میں قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نو مئی کیسز کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے 14 کیسز کی تفتیش مکمل کرلی ہے۔ جے آئی ٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف مرکزی مقدمہ کا چالان 96/23 دو ہزار صفحات پر مشتمل ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سوشل میڈیا سے متعلق چار سو سے زائد شواہد ملے ہیں۔ جے آئی ٹی حکام کے مطابق جناح ہاؤس حملے میں براہ راست ملوث 80 ملزمان کے بیان سے سازش کا عنصر سامنے آیا۔ 9 مئی کے واقعات پر تحقیقات کے دوران براہ راست سازش کے شواہد بھی ملے، چیئرمین پی ٹی آئی کے بیانات صورتحال سے مطابقت نہیں رکھتے۔ یہ بھی پڑھیں: سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت کیخلاف عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ جے آئی ٹی کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی 9 دیگر مقدمات میں بھی ٹھوس شواہد کی روشنی میں مجرم قرار پائے، چودہ مقدمات کا چالان جلد عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔