سپریم کورٹ کا خصوصی افراد کیلئے بڑا فیصلہ

سپریم کورٹ نے خصوصی افراد کیلئے لفظ ’معذور‘ استعمال کرنے سے روک دیا۔جسٹس منصورعلی شاہ نے 8 صفحات پرمشتمل فیصلہ جاری کیا ہے، یہ فیصلہ پنجاب میں ملازمتوں میں اقلیتوں اور خصوصی افراد کےکوٹے سے متعلق کیس میں دیاگیا۔
فیصلے کے متن کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن خصوصی افراد کیلئے معذور جیسے الفاظ استعمال نہ کرے، خصوصی افراد کو دفاتر تک رسائی میں مشکلات ہوتی ہیں لہٰذا ریاست خصوصی افراد کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ کرے۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کی آبادی مجموعی آبادی کا 3 فیصد ہے، قومی پرچم میں بھی اقلیتوں کی نمائندگی کی واضح جھلک ملتی ہے اور قائداعظم بھی مختلف مواقع پر اقلیتوں کے حقوق پر زور دیتے رہے، آئین نے اقلیتوں کو مکمل مذہبی، معاشی اورسماجی تحفظ دے رکھا ہے۔