صدر مملکت نے ملک میں 6 نومبر کو عام انتخابات کی تجویز دے دی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 6 نومبر 2023 کو عام انتخابات کروانے کی تجویز دے دی۔ صدر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط ارسال کیا ہے جس میں یہ تاریخ تجویز کی گئی ہے۔ چيف الیکشن کمشنر کے نام خط میں کہا کہ صدر کا اختیار ہے عام انتخابات کیلئے 90 دن کے اندر… صدر مملکت نے چيف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے نام خط میں کہا کہ آئینی ذمہ داری پوری کرنے کی خاطر چیف الیکشن کمشنر کو ملاقات کے لیے مدعو کیا گیا، تاکہ آئین اور اس کے حکم کو لاگو کرنے کا طریقہ وضع کیا جا سکے، چیف الیکشن کمشنر نے جواب میں برعکس مؤقف اختیار کیا کہ یہ الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ وفاق کو مضبوط بنانے کیلئے قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات ایک ہی دن کروائے جانے پر اتفاق ہے، الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے آئینی، قانونی اقدامات کی پابندی کرے۔ صدر نے خط میں مزید کہا کہ الیکشن کمیشن قومی، صوبائی اسمبلیوں میں ایک ہی دن انتخابات کروانے کیلئے اعلیٰ عدلیہ سے رہنمائی حاصل کرے۔