صدر مملکت آصف علی زرداری نے گیارہویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) قائم کر دیا ہے۔ وزیرخزانہ کمیشن کے سربراہ ہوں گے جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ بھی اس کے اراکین ہوں گے۔ اس کے علاوہ، ہر صوبے سے ایک ایک ماہر کو کمیشن میں شامل کیا گیا ہے، جس کے بعد کل ارکان کی تعداد 9 ہو… پنجاب حکومت کی نمائندگی ناصرمحمود کھوسہ بطور ماہر کریں گے، سندھ کی جانب سے اسد سعید، خیبرپختونخوا کی جانب سے ڈاکٹر مشرف رسول اور بلوچستان کی طرف سے فرمان اللہ بطور ماہر این ایف سی کے رکن شامل ہوں گے۔ وزارت خزانہ نے نیشنل فنانس کمیشن کی تشکیل کا نوٹیفکیشن اور ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) جاری کر دیے ہیں۔ ٹی او آرز کے مطابق، این ایف سی صدر مملکت کو وفاق اور صوبوں کے درمیان نیٹ ٹیکسز کی تقسیم سے متعلق سفارشات پیش کرے گا۔ اس کے علاوہ این ایف سی وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو گرانٹ ان ایڈ کی تیاری کی سفارش بھی کرے گا۔

