وزیر اطلاعات سندھ اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، وہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عوام نے سندھ حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، کراچی کے عوام نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا ہے، پاکستان کا سب سے بہترین صحت کا نظام کراچی میں ہے، بہترین صحت کا نظام سندھ حکومت نے دیا ہے، کراچی میں بسیں چلائی گئیں، کچرا اٹھایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے بھارت گئے، بلاول بھٹو ہر فورم کو سنجیدہ لیتے ہیں، بلاول جرات کے ساتھ بھارت گئے اور للکار کر ملک کا مقدمہ لڑا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر غیرقانونی فنڈنگ ثابت ہوچکی ہے، پی ٹی آئی نے بلاول بھٹو کے دورے کے دوران نمک حرامی کی ہے۔

