عمران خان ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے: رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے، وہ پارلیمنٹ میں نہیں آنا چاہتا، گند کرنا چاہتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے کرتوت سامنے آ گئے، اس نے اداروں کو بلیک میل کیا، جھوٹے مقدمات بنائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پورا توشہ خانہ چوری کرکے بیچ دیا اور اب ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلا رہا ہے، اس کی گرفتاری ہونی چاہیے۔ 
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جب کہ ہم پنجاب اسمبلی کے الیکشن کیلیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اگلا وزیر اعلیٰ مسلم لیگ ن سے ہوگا اور ہمارے ساتھ کھڑے رہنے والوں کو ہی انتخابی ٹکٹ دیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ہم ناکام نہیں ہوئے، ہمارے نمبر موجود تھے جب کہ پرویز الٰہی کہتے تھے لوگ اسمبلی نہیں توڑنا چاہتے۔