وزیر ریلوے اور رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ سعد رفیق نے ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ سے متعلق شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی یتیموں کی ایسی پھلجھڑیوں اور پیشگوئیوں کی کوئی اہمیت ہی نہیں، ملک کو اداروں کی مدد سے منتخب حکومت ہی چلائے گی۔
نجی چینل سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے غیر قانونی اور غیر آئینی تھے، آئین و قانون کے مطابق استعفے آئیں تو اسپیکر منظور کرنے میں دیر نہ لگائیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کو ڈیفالٹ کا مطلب نہیں معلوم تو غریب کے گھر جا کے دیکھیں: شیخ رشید
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس 4 حکومتیں ہیں،وہاں کوئی کارکردگی نہیں دکھا رہے، اسمبلی توڑ کرنئے الیکشن کی بات آئندہ انتخابات کو متنازع بنائے کیلئے ہے، متنازع انتخابات کسی بھی ملک و قوم کیلئے اچھے نہیں ہوتے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد اگر ضمنی الیکشن ہوتے ہیں تو ہونے دیں، لیکن پی ٹی آئی کا استعفے منظور ہونے پر عام انتخابات ہونے کا دعویٰ درست نہیں، عام انتخابات تو دور کی بات اب تو ضمنی الیکشن کا ماحول بھی نہیں بنے گا۔

