وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ اقتدار میں آتے ہی ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑے۔
ایک بیان میں نئے سال پر اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ سال 2022 پاکستان کے لیے بہت مشکلات کا سال رہا۔
پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا ہے کہ تاریخی سیلاب، ماحولیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات پر پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز رہا، برساتی، نہری سیلاب کے باعث ملک کا چوتھائی حصہ اور 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ 17 سو سے زائد اموات ہوئیں، گھروں، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان ہوا، ماحولیاتی بحران کے باعث ایسی تباہ کاریوں کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ان سردیوں میں ابھی بھی ہمارے لاکھوں بھائی بہنیں بےگھر زندگی گزار رہے ہیں، نئے سال میں لوگوں کو پیغام ہے سیلاب متاثریں کی مکمل بحالی میں ان کا ساتھ دیں، سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سال 2023 کے لیے ہم سب کو پُرامید ہونا چاہیے، دعا ہے نیا سال ملک اور قوم کے لیے استحکام، ترقی، خوشحالی اور خوشیوں کا سال ہو۔
As we say goodbye to a tough 2022 for Pakistan, let us not lose sight of all those in need of help and support to get back on their feet from the worst floods the world has seen. For hundreds of thousands the peril has still not passed. Rehabilitation & recovery efforts continue pic.twitter.com/Ng6cWTl4Vj
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) December 31, 2022

