ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو 28 فروری کوپیش ہونے کا حکم دے دیا۔
بینکنگ کورٹ میں عمران خان اور دیگر کے خلاف فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی۔
عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل نعیم پنجوتھہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ عمران خان 28 فروری کو بینکنگ کورٹ میں پیش ہوں۔
عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی بینکنگ کورٹ جمع کرا دی گئی، بینکنگ کورٹ نے کیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 2 اگست 2022 کو پی ٹی آئی کے خلاف 2014 سے زیر التوا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ثابت ہوگیا کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کا نجی بینک میں اکاؤنٹ تھا اور نجی بینک کے منیجر کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔

