واٹس ایپ چیٹس کے لیے بہترین فیچر جو صارفین کیلئے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگا

واٹس ایپ نے چیٹس کے لیے ایک نیا اور کارآمد فیچر متعارف کرایا ہے۔ رائٹنگ ہیلپ نامی یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ فیچر صارفین کو میسجز تحریر، ایڈٹ اور ریپلائی کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر کا مقصد بہت سادہ ہے اور وہ یہ ہے کہ واٹس ایپ کمیونیکیشن کو زیادہ اسمارٹ، برق رفتار اور فطری بنایا جاسکے۔ یعنی اگر آپ کو کسی میسج کو تحریر کرتے ہوئے درست الفاظ کا انتخاب کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جلد بازی میں ریپلائی کر رہے ہیں یا بس یہ چاہتے ہیں کہ آپ کا میسج زیادہ اچھا نظر آئے ، تو یہ نیا فیچر رئیل ٹائم میں مدد فراہم کرے گا۔ دیگر اے آئی اسسٹنٹس جو کلاؤڈ پراسیسنگ پر انحصار کرتے ہیں، ان کے برعکس اس نئے فیچر کو آن ڈیوائس انٹیلی جنس کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جا رہا ہے۔ آسان الفاظ میں آپ کے میسجز تجزیے کے لیے کسی باہری سرور کو نہیں بھیجے جائیں گے بلکہ تجزیے کا پورا عمل ڈیوائس کے اندر مکمل ہوگا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر ابھی آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے اور اسی وجہ سے بیٹا ورژن میں محدود صارفین کو دستیاب ہے۔ اس فیچر کے تحت اے آئی کی جانب سے کسی میسج کے لیے کئی تجاویز فراہم کی جائیں گی تاکہ صارف اپنی پسند کے مطابق کسی ایک کا انتخاب کرسکے۔ رپورٹ کے مطابق صارفین کے لیے یہ فیچر آپشنل ہوگا اور بائی ڈیفالٹ ڈس ایبل ہوگا یعنی صارف کو خود اسے سیٹنگز میں جاکر ان ایبل کرنا ہوگا۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے تمام صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔