وزیراعظم شہباز شریف کل مصر کے دورے پر روانہ ہوں گے

وزیراعظم شہباز شریف کل (پیر) سے شرم الشیخ میں شروع ہونے والی موسمیاتی عملدرآمد کانفرنس میں شرکت کیلئے مصر کا دورہ کرینگے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ ہوںگے۔ یہ کانفرنس اقوام متحدہ کی 27ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کا حصہ ہے۔ وزیراعظم منگل کے روز ناروے کے اپنے ہم منصب کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی گول میز کانفرنس کی صدارت کرینگے جس میں موسمیاتی تبدیلی اور کمزور طبقات کو مضبوط بنانے پر گفتگو کی جائیگی۔
وزیراعظم اعلیٰ سطح کی دیگر تقریبات سے بھی خطاب کرینگے جن میں ایگزیکٹو ایکشن پلان کیلئے ارلی وارننگ سسٹم کے اجراء کیلئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی گول میز کانفرنس اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی مشرق وسطی سبز اقدام کی کانفرنس شامل ہے۔