وزیراعظم نے غذر میں 300 انسانی جانیں بچانے والے مقامی ہیروز کو خصوصی دعوت دے دی

وزیرِاعظم شہباز شریف نے غذر میں 300 قیمتی انسانی جانیں بچانے والے مقامی ہیروز کو اسلام آباد مدعو کرلیا۔ گلگت بلتستان کے علاقے غذر سے تعلق رکھنے والے چرواہے وصیت خان، انصار اور محمد خان کو وزیرِاعظم ہاؤس میں بلایا گیا ہے، جہاں انہیں خصوصی انعام سے نوازا جائے گا۔ یہ فیصلہ مقامی آبادیوں کو بروقت اطلاع دے کر سیکڑوں جانیں بچانے کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وصیت خان، انصار اور محمد خان حقیقی معنوں میں قوم کے ہیرو ہیں، جنہوں نے جرات اور فرض شناسی کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم گلگت بلتستان کے ان بہادر نوجوانوں پر فخر کرتی ہے۔ یاد رہے کہ گلیشیئر ٹوٹنے کی بروقت اطلاع دینے والے وصیت خان کو اس سے قبل ڈی آئی جی پولیس کی جانب سے 10 ہزار روپے انعام اور تعریفی سند بھی دی جا چکی ہے۔ غذر میں چرواہے وصیت خان نے گاؤں والوں کو ٹیلیفون پر گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع دیکر سیکڑوں افراد کی جان بچائی تھی۔ وصیت خان کی اطلاع کے بعد راتوں رات گاؤں تالی داس میں 100مکانات خالی کرائےگئے اور تقریباً 200 لوگ بلند پہاڑی مقام پر پہنچے، تاہم جب سیلاب آیا تو ان خالی مکانات کو نقصان بھی پہنچا لیکن قیمتی جانیں بچ گئیں۔