وزیراعظم کا اصلاحات کے ذریعے ای سی او کو مزید متحرک اور مؤثر بنانے پر زور

نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے تیز تر اصلاحات کے ذریعے اقتصادی تعاون تنظیم کو مزید متحرک اور مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مربوط خطہ ہمارے عوام کےلئے شاندار معاشی اور امن کے ثمرات کا حامل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اسلامی تعاون تنظیم کے سولہویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مربوط خطہ ہمارے عوام کےلئے شاندار معاشی اور امن کے ثمرات کا حامل ہوسکتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے صلاحیت میں اضافے کے لئے راہداری پر مبنی حکمت عملی درست سمت میں ایک اقدام تھا، ایسی راہداریاں رکن ممالک میں گہرے روابط کا مظہر ہوں گی اور خطے میں بڑے پیمانے پر معاشی ترقی کے نئے دور کی طرف رہنمائی کریں گی۔ غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ غزہ میں جس طرح خواتین اوربچوں کو قتل اور اسپتالوں کوہدف بنایا جارہاہے اس سے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی پیدائش سے قبل کی صورتحال یاد آتی ہے جب فرعون نے بچوں کوقتل کرنے کاحکم جاری کیاتھا،بدقسمتی سے وہ لوگ جو حضرت موسیٰ علیہ السلام کی پیروی کرنے کے دعویدارہیں وہ فرعون کے نقش قدم پرگامزن ہیں۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہمیں فوری طورپر تشدد کے خاتمہ اورانسانی راہداری کھولنے کی حوصلہ افزائی کرنا چاہئے تاکہ نہتے اورلاچار فلسطینیوں کوامداد کی فراہمی ممکن ہوسکے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ای سی اوکے تمام رکن ممالک غزہ میں جنگ بندی ، انسانی امداد کی فراہمی اور اسرائیل کو قابل مواخذہ بنانے کے لئے کردار اداکریں۔