وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

موجودہ ملکی سیاسی اور آئینی بحران سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں اہم امور پر غور کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم ویڈیو لنک کے ذریعے صدارت کر رہے ہیں۔ اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ویڈیولنک پر وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں، بیشتر کابینہ اراکین ویڈیولنک پر اجلاس میں شریک ہیں، وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ، ساجد طوری، وزیراعظم کے مشیر امیر مقام ، وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیرمملکت ہاشم نوتیزئی وزیراعظم ہاؤس میں موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، صدر کے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجربل واپس بھجوائے جانے پربھی غور ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرےگی، اجلاس میں قانونی مشاورت اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق حکمت عملی پربات ہوگی۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے چند روز قبل عدالتی اصلاحات کا بل منظور کر کے توثیق کے لیے صدر پاکستان کو بھیجا تھا تاہم صدر عارف علوی نے بل نظر ثانی کے لیے واپس پارلیمنٹ کو بھیج دیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کونسل کا 41 واں اجلاس پی ایم ہاﺅس میں منعقد ہوا تھا۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف ہمہ جہت جامع آپریشن شروع کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔