ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: آسٹریلیا نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آج کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو جیت کیلئے 169 رنز کا ہدف دیا، افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔ راشد خان نے آخر میں ٹیم کو جتوانے کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے۔ راشد خان نے 23 گیندوں پر 48 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔
آسٹریلین ٹیم کے بلے بازوں نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے ، گلین میکسویل 32 گیندوں پر 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ میکسویل کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
آسٹریلیا کی ٹیم کے سپر 12 میں تمام 5 میچز مکمل ہوگئے ہیں اور وہ 7 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ نیوزی لینڈ بھی 7 پوائنٹس کے ساتھ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پہلی پوزیشن پر ہے۔ اگر انگلینڈ نے اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو اچھے مارجن سے شکست دے دی تو بہتر رن ریٹ کی وجہ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے جبکہ آسٹریلیا باہر ہوجائے گا۔