ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ گروپ ڈی کا یہ میچ بھارتی شہر چنئی میں کھیلا گیا، جہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے 183 رنز کا مطلوبہ اسکور 18ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ 65 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ گلین فلپس نے 42 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ ڈیرل مچل 25 اور مچل سینٹنر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے روز تین میچز کھیلے گئے، جن میں پاکستان نے گروپ اے میں اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلا اور کامیابی حاصل کی۔

