پاکستان میں براڈبینڈ صارفین کی تعداد 1 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہو گئی

ایس آئی ایف سی کے تعاون سے حکومت نے ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کے فروغ اور براڈ بینڈ کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ پاکستان میں براڈبینڈ صارفین کی تعداد 1.3 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے، جو جنوبی ایشیا میں سب سے تیز رفتار اضافہ ہے۔ حکومت براڈبینڈ صارفین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے انفرا اسٹرکچر کی ترقی پر مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں آئی ٹی اور فائبر آپٹک انفرا اسٹرکچر کی تنصیب کے لیے ’’رائٹ آف وے‘‘ چارجز ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ چارجز سرکاری زمین پر انفرا اسٹرکچر بچھانے کے عوض وصول کیے جاتے تھے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ کے مطابق یہ اقدام آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کے لیے ایک ’’گیم چینجر‘‘ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف انٹرنیٹ مزید سستا اور قابل اعتماد ہوگا بلکہ نجی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل رسائی میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ ٹیلی کام اور انٹرنیٹ کمپنیز کے لیے لاگت کم ہونے سے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔ اس اقدام سے ڈیجیٹلائزیشن اور شہریوں کے لیے بہتر مواصلاتی رسائی کو فروغ ملے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کامیاب نفاذ دیگر شہروں کو بھی چارجز ختم کرنے کی ترغیب دے گا۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر کاوشوں سے براڈبینڈ اور ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔