پاکستان میں منکی پاکس کے 2 کیس سامنے آئے ہیں اور وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق سعودی عرب سے بے دخل کیے جانے والے شخص اور جہاز میں اس کے ساتھ بیٹھے ہوئے دوسرے مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
وفاقی وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب سے 17 اپریل کو پاکستان آنے والے شخص میں منکی پاکس کی علامات تھیں جس کے بعد اس شخص کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں طبی معائنے کی ہدایت کی گئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص جس طیارے میں آیا اس کے ساتھ بیٹھے ہوئے دوسرے شخص میں بھی علامات ظاہر ہوئیں اور جب اس کا ٹیسٹ کروایا گیا تو اس میں بھی منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی۔
پمز اسلام آباد کے ماہرین متعدی امراض نے متاثرہ شخص کے نمونے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجے اور گزشتہ روز قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد نے متاثرہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق کردی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے بے دخل کیے جانے والا شخص پمز اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل ہے جہاں اس کی حالت تسلی بخش ہے۔
دوسری جانب دوسرا شخص جو اس مسافر کے ساتھ جہاز کی سیٹ پر بیٹھا تھا وہ اپنے گھر میں قرنطینہ میں ہے اور اس کی حالت بھی تسلی بخش ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد راولپنڈی/ اسلام آباد کے رہائشی ہیں۔
منکی پاکس کے کیس سامنے آنے کے بعد پورے ملک کے ائیرپورٹس پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور بیرون ملک سے آنے والے مشتبہ مریضوں کے نمونے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

