پنجاب انتخابات: الیکشن کمیشن نے فنڈز فراہمی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی

الیکشن کمیشن آف پاکستان اور وزارت خزانہ نے پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی، رپورٹ میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے فنڈز منتقل نہیں کئے گئے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کے لئے فنڈز کی فراہمی سے متعلق سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو تاحال فنڈز منتقل نہیں ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کو فنڈزمنتقل نہیں کئے گئے، جب کہ رپورٹ میں سیکیورٹی پلان فراہم نہ کئے جانے کے پہلو بھی شامل ہے۔
دوسری طرف وزارتِ خزانہ کے حکام نے بھی اس حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے الیکشن کمیشن کو دی گئی دوسری ڈیڈ لائن گزشتہ روز ختم ہو چکی ہے۔
سپریم کورٹ نے پنجاب میں الیکشن سے متعلق کیس میں اسٹیٹ بینک کو پیر تک 21 ارب روپے براہ راست الیکشن کمیشن کو جاری کرنے کا حکم دیا تھا تاہم گزشتہ روز قومی اسمبلی نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کو فنڈز کا اجرا مسترد کردیا تھا۔
گزشتہ روز قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل نے کمیٹی کو بتایا تھا کہ سپریم کورٹ نے 21 ارب روپے ایلوکیٹ کرنے کا حکم دیا ہے، ہم نے سپریم کورٹ کےحکم پر رقم مختص کی لیکن اجراکااختیار اسٹیٹ بینک کے پاس نہیں، فنڈز مختص کرنے سے پیسے اکاؤنٹ میں ہی موجود رہیں گے۔