پی ڈی ایم اے پنجاب نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق راوی، ستلج اور چناب میں آنے والی سیلابی صورتحال نے مجموعی طور پر 4700 سے زائد موضع جات کو متاثر کیا۔ دریائے چناب میں سب سے زیادہ 2475 موضع جات متاثر ہوئے، ستلج میں 715 اور راوی میں 1458… ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے بتایا کہ اب تک 45 لاکھ 74 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 25 لاکھ 16 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں 372 ریلیف کیمپس اور 459 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں جبکہ مویشیوں کی دیکھ بھال کے لیے 391 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔ اب تک 20 لاکھ 20 ہزار جانور محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ سیلاب کے دوران مختلف حادثات میں 104 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

