کراچی سمیت سندھ بھر میں آج یوم ثقافت جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

کراچی سمیت سندھ بھر میں سندھی ثقافت کا دن بھرپور جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔
سندھ کے یوم ثقافت کے موقع پر صوبے کے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شرکاء سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے شرکت کر رہے ہیں۔
ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو منایا جانے والے سندھی یوم ثقافت کو سندھ کے باسی عید کے تہوار کی طرح مناتے ہیں، اس سلسلے میں آج بھی ہر کوئی سندھ کے روایتی رنگوں میں رنگا ہوا ہے، سندھی ٹوپی اور اجرک زیب تن کیے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ اس دن کو بھرپور انداز سے منایا جا رہا ہے، مختلف تقریبات میں سندھی ثقافتی ٹیبلو پیش کرکے یا علاقائی گیتوں پر والہانہ جھوم کر اپنی ثقافت سےمحبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
کراچی کے مختلف مقامات پر سندھی کلچرل ڈے کے حوالے سے تقریبات میں بچے، بڑے اور نوجوان روایتی جوش و خروش کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
نوجوان سندھی نغموں اور لوک دھنوں پر رقص کر رہے ہیں جبکہ بچوں کی جانب سے ٹیبلو پیش کرکے سندھ کی ثقافت کے حسین رنگ کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ نوجوان، بچے اور بوڑھے ان تقریبات میں شرکت کے لئے سندھی اجرک، ٹوپی اور لباس میں ملبوس ہوکر گھروں سے نکلے ہیں۔
یوم ثقافت کے سلسلے میں صوبے بھر میں روایتی ’مچھ کچہریاں‘ منعقد کی گئی ہیں، جن میں مقامی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے موٹر سائیکل پر ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں جن پر سندھی ٹوپی، اجرک اور پگڑیوں میں ملبوس نوجوان سندھ کے لوک گیتوں کی دھنوں پر رقص کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔