ہر سال ایپل کی جانب سے آئی فون کے آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جاتا ہے جس میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کیا جاتا ہے۔ اس سال آئی او ایس 27 آئی فون صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ایپل کا نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم عام افراد کو 14 ستمبر کی شب سے دستیاب ہوگا۔ اس سال کے نئے آپریٹنگ سسٹم میں متعدد نئے فیچرز کااضافہ کیا جا رہا ہے خاص طور پر میل، سفاری، کیمرا، فوٹوز، میپس اور فائنڈ مائی میں اپ ڈیٹس کی گئی ہیں۔ مگر سب سے نمایاں اپ ڈیٹ ایپل کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ سیری میں کی جا رہی ہے جسے اب آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایپل انٹیلی جنس سے لیس کیا جا رہا ہے۔ جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ آئی فونز کے لیے نیا آپریٹنگ سسٹم 14 ستمبر کو صارفین کو دستیاب ہوگا مگر تمام آئی فونز کو آئی او ایس 27 سے اپ ڈیٹ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ ایپل کے اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں موجود اے آئی فیچرز آئی فون 15 پرو، 15 پرو میکس، آئی فون 16 سیریز، آئی فون 17 سیریز، آئی فون 18 ہرو ماڈلز اور فولڈ ایبل آئی فون ڈو تک محدود ہوں گے، کیونکہ ان کے لیے اے 17 پرو یا اس کے بعد کے پراسیسر کی ضرورت ہوگی۔ البتہ آئی او ایس 27 متعدد پرانے ماڈلز کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔ ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم صرف آئی فون 11 یا اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگا اور 2018 یا اس سے پہلے کے فونز میں اسے اپ ڈیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔ یعنی آئی فون 11، 11 پرو، 11 پرو میکس، آئی فون 12، 13، 14، 15، 16 اور 17 سیریز کے فونز میں اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔ اسی طرح آئی فون ایس ای (سیکنڈ جنریشن یا اس کے بعد کا ورژن) میں بھی اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جاسکے گا۔

