رانا ثنا اللہ وزیر داخلہ کے بجائے غنڈوں جیسی باتیں کرتے ہیں: فواد چوہدری

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ وزیر داخلہ پاکستان کے بجائے غنڈوں کی طرح باتیں کرتے ہیں۔
وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مچھ جیل کے مرچی وارڈ میں رکھنے کے بیان سے متعلق فواد چوہدری نے رد عمل کا اظہار کیا۔
نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثنااللہ وزیر داخلہ پاکستان کے بجائے غنڈوں کی طرح باتیں کرتے ہیں، پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا اور سات ایٹمی ممالک میں شامل ملک ہے اور اس ملک کا وفاقی وزیر داخلہ لگتا ہے کہ کسی جوکر کو بنادیا گیا ہے جسے بات کرنے کا نہیں پتا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی رانا ثنا کو ایسی باتیں کرنے پر بہت مار پڑچکی ہے لیکن لوگ اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں، میرا خیال ہے کہ رانا ثنا بوڑھے ہوچکے ہیں لیکن انہوں نے کچھ سیکھا نہیں ہے اللہ انہیں ہدایت دے۔