چُھپن چُھپائی کھیلتے ہوئے لڑکا بنگلہ دیش سے ملائیشیا پہنچ گیا

بنگلادیش میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں چُھپن چُھپائی کھیلتے ہوئے معصوم لڑکا ملائیشیا پہنچ گیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 جنوری کو ملائیشین بندرگاہ پر بنگلادیش سے پہنچنے والے سامان سے بھرے کنٹینر سے انتہائی پریشان حالت میں ایک لڑکا برآمد ہوا۔
کنٹینر میں سے بچہ برآمد ہونے پر حکام نے اسے انسانی اسمگلنگ کا کیس سمجھتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی۔
دوران تفتیش معلوم ہوا کہ یہ بچہ بنگلادیش کے شہر چٹاگانگ میں اپنے دوستوں کے ساتھ چھپن چھپائی کھیلتے ہوئے کنٹینر میں چھپ گیا، تاہم کنٹینر بند ہوجانے کی صورت میں وہ 6 دن تک اسی میں رہا اور جیسے ہی کنٹینر ملائیشین بندرگاہ پہنچا تو وہ خوش قسمتی سے زندہ بچ گیا۔
حکام کے مطابق لڑکے کی شناخت فہیم کے نام سے ہوئی ہے، جس نے بتایا کہ وہ چھپن چھپائی کھیلتے ہوئے کنٹینر میں ہی سو گیا تھا۔ تاہم آنکھ کھلنے پر اس نے باہر جانے کی کوشش کی تو کنٹینر بند تھا، وہ رویا چلایا پر کسی نے اس کی آواز نہیں سنی۔
6 دن سے کچھ کھائے پیے بغیر خوش قسمتی سے زندہ بچ جانے پر ملائیشین حکام نے بچے کو فوراً اسپتال منقل کیا، جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ انسانی اسمگلنگ کا واقعہ نہیں، بچے نے جو بتایا وہ سچ ہے، ہم بنگلادیشی حکام کے ساتھ فہیم کو اس کے گھر واپسی بھیجنے کے لیے رابطے میں ہیں۔