میرے عروسی لباس کے بارے میں کہا گیا کہ یہ بھارتی وزیراعظم نے بھیجا ہے: اشنا شاہ

اداکارہ اشنا شاہ کا کہنا ہے کہ ان کے عروسی لباس کے بارے میں کئی لوگوں نے یہ تک کہا کہ میرا ڈریس بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مجھے بھیجا ہے پر جہاں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہیں کئی مداحوں کی جانب سے ان سے پیار کا بھی اظہار کیا گیا۔ حال ہی میں اشنا شاہ نجی ٹی وی پروگرام کی مہمان بنیں جس دوران اداکارہ نے مختلف اور دلچسپ موضوعات کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی زندگی پر بھی بات کی۔ دوران شو میزبان کے سوال پر اشنا شاہ نے اپنے شوہر حمزہ امین سے پہلی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی نے ملوایا تھا، اس ملاقات کے بعد ہمیں محبت ہوگئی۔ دوران شو میزبان سے شادی کی تصویروں کے بعد کی جانے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تنقید کے ساتھ ساتھ میری تعریف بھی کی گئی اور پیار بھی دیا گیا ۔ ڈریس پر ہونے والی تنقید سے متعلق اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ کئی ناقدین کو ایسا لگا کہ میں کوئی ریاست مخالف دلہن آگئی ہوں، کئی لوگوں نے یہ تک کہا کہ میرا ڈریس بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مجھے بھیجا ہے ، ایسا نہیں تھا، ہمارے کلچر میں آج تک دلہنیں ایسی ڈریسنگ کرتی آئی ہیں، شاید دلہن کے لہنگے کی چولی ایسی نہ ہو لیکن لال لہنگا تو دلہنوں نے پہنا ہے۔ واضح رہے کہ اشنا شاہ نے فروری میں معروف گولفر حمزہ امین سے شادی کی تھی اور شادی کی تصاویر شیئر کرنے کے بعد انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ویڈنگ لک کے باعث خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔