علیزے شاہ کس مشہور شخصیت کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں؟ اداکارہ نے بتا دیا

پاکستان کی نوجوان اور خوبرو اداکارہ علیزے شاہ نے کم عمری میں ہی شوبز انڈسٹری میں اپنے قدم جما لیے تھے، وہ اپنی خوبصورتی کی وجہ سے بھی کافی مقبول ہیں۔ علیزے شاہ نے 6 سال کی عمر میں سابق کرکٹر وسیم اکرم کے ساتھ پہلی بار اشتہار میں کام کیا تھا، تاہم حال ہی میں ایک انٹرویو میں وہ کہتی ہیں کہ ’میری خواہش ہے کہ میں وسیم اکرم کے ساتھ کسی فلم میں کام کروں۔‘ دوران انٹرویو جب اداکارہ سے وسیم اکرم کی اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کے حوالے سے بات کی گئی تو علیزے اس بارے میں لاعلم تھیں۔ اداکارہ کہتی ہیں کہ مستقبل میں جب موقع ملا تو وسیم اکرم کے علاوہ فواد خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہوں۔ تاہم جب میزبان نے فواد خان کی فلم مولا جٹ کے حوالے سے پوچھا تو اداکارہ نے کہا کہ ’میں نے ابھی تک مولا جٹ نہیں دیکھی‘۔ اس کے علاوہ علیزے شاہ نے ڈراما عہدہ وفا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ جب یہ ڈراما شوٹ ہورہا تھا تو اس وقت میں بہت چھوٹی تھی، اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ اتنا بڑا پروجیکٹ ہے، یہ میری زندگی کے بہترین پروجیکٹ میں سے ایک تھا’۔ علیزے کہتی ہیں کہ ’فوج میں اس لیے نہیں گئی کیونکہ اس کے لیے اداکاری چھوڑنی پڑتی، وردی پہن پر بہت مزہ آیا، بہت اعزاز کی بات تھی، ہر کسی کو وردی پہننے کا موقع نہیں ملتا اور میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے کم عمر میں یہ اعزاز حاصل ہوا۔ سوشل میڈیا پر تنقید کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علیزے کہتی ہیں کہ ’جہاں 4 لوگ تعریف کرتے ہیں وہاں 10 لوگ برائی کرتے ہیں، اس لیے نظرانداز کرنا بہترین حل ہے، ہمیں مثبت چیزوں پر توجہ دینی چاہیے۔ وہ کہتی ہیں کہ منفی باتوں میں توجہ دے کر آپ کنفیوز رہتے ہیں اور اعتماد کھو دیتے ہیں۔