ماہ نور بلوچ کو کس مشہور بالی ووڈ فلم میں کام کرنے کی آفر ہوئی تھی؟

مقبول اداکارہ اور ماڈل ماہ نور بلوچ نے کہا ہے کہ ایک ہولی وڈ فلم میں بھی کام کر چکی ہیں، وہاں اور پاکستانی انڈسٹری کے کام میں بہت بڑا فرق ہے، وہاں رونے کا منظر شوٹ کروانے کے بعد اداکار کو ایک گھنٹے تک آرام کرنے دیا جاتا ہے جب کہ پاکستان میں مرنے کا منظر شوٹ کروانے کے… اداکارہ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں کیریئر کے آغاز میں زیبا بختیار کے ساتھ بولی وڈ فلم ’حنا‘ میں کام کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہیں کبھی بھارتی انڈسٹری میں کام کرنے کی خواہش نہیں رہی۔ ماہ نور بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی نظر میں شاہ رخ خان کی شخصیت ایسی ہے کہ وہ بہت اچھے اداکار لگتے ہیں کہ لیکن درحقیقت وہ اچھے اداکار نہیں۔ ان کے مطابق یہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ شاہ رخ خان کو اپنی مارکیٹنگ بہتر انداز میں کرنے کا فن آتا ہے لیکن وہ اچھے اداکار نہیں، تاہم ساتھ ہی انہوں نے تسلیم کیا کہ شاہ رخ خان نے ’ڈر اور انجام‘ میں اچھی اداکاری کی اور ان کے خیال میں شاہ رخ خان کو دماغی مسائل کے شکار افراد کے کردار اچھے لگتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ جب وہ اداکاری کی دنیا میں نئی آئی تھیں تب بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ انہیں بہت پسند تھیں اور انہیں ایسا لگتا تھا کہ مادھوری کی روح ان میں آگئی ہے۔ ماہ نور بلوچ نے بتایا کہ انہوں نے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا اور جلد ہی انہیں سلطانہ صدیقی نے اداکاری کرنے پر آمادہ کیا اور انہوں نے تسلیم کیا کہ انہوں نے ان کی بہت مدد کی، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ سلطانہ صدیقی ان کی رشتے دار بھی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے بشریٰ انصاری کی وہ ویڈیو دیکھی ہے، جس میں وہ بتا رہی ہیں کہ ماہ نور بلوچ کو اداکاری نہیں آتی۔ ان کے مطابق وہ بشریٰ انصاری کے خیال سے اتفاق نہیں کرتیں لیکن وہ ان کی ذاتی رائے کا احترام کرتی ہیں اور ممکن ہے کہ بشریٰ انصاری نے مذکورہ بات اس لیے کہی ہو کہ ان کے خیال میں اداکار کو ہر طرح کے کردار ادا کرنے چاہئیں جب کہ وہ ہر طرح کے کردار نہیں کرتیں۔