اروشی روٹیلا بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئیں

معروف ماڈل اور اداکارہ اروشی روٹیلا بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی اداکارہ بن گئیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تھوڑے عرصے میں فلم انڈسٹری میں جگہ بنانے والی اداکارہ اروشی روٹیلا ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہیں کیونکہ وہ بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اروشی روٹیلا تیلگو فلم سازبویاپتی سرینو اور اداکار رام پوتھینی کی آنے والی فلم میں ایک ناقابل یقین آئٹم نمبر پرفارم کریں گی جو اس سال کے آخر میں ریلیز ہونے والی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ نے اپنی تین منٹ کی پرفارمنس کے لیے 3 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے، اس کا مطلب ہے کہ وہ ایک کروڑ روپے فی منٹ ملیں گی جس سے وہ ملک کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن جائیں گی۔ رپورٹ میں بتانا ہے کہ اب تک کسی بھی اداکارہ کو صرف ایک منٹ کی پرفارمنس کے لیے اتنی بڑی رقم ادا نہیں کی گئی۔