سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کی شادی مین عدم شرکت سے متعلق شمعون عباسی کا شدید ر دِعمل

پاکستان فلم انڈسٹری کے مشہوراداکار شمعون عباسی نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کی شادی سے متعلق زیرِبحث افواہوں پر شدید ر دِعمل کا اظہار کیا ہے۔ حال ہی میں شمعون عباسی اور جویریہ عباسی کی صاحبزادی عنزیلہ عباسی کی شادی کی تقاریب میں اداکار کی عدم شرکت پر سوشل میڈیا صارفین نے حیرت کااظہار کیا تھا۔ ان تبصروں کے بعد شمعون عباسی نے افواہوں کے جواب میں کسی کا نام لیے بغیر ایک پوسٹ شئیر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ، ’میں کبھی نہیں چاہتا تھا کہ میں اپنی زندگی میں بے حس اوربے شرم لوگوں کے ساتھ کوئی تعلق رکھوں۔‘ انہوں نے مزید کہا، ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کے ساتھ میرا رشتہ کیا ہے، لیکن میں ان سے دور رہنے کو ترجیح دیتا ہوں چاہے کچھ بھی ہو۔‘ یہ پوسٹ بعد میں اداکار کی جانب سے ڈیلیٹ کردی گئی۔ خیال رہے کہ جویریہ عباسی اور شمعون عباسی نے 1997 میں شادی کی تھی اور پھر 2009 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔