جنوبی وزیرستان: فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 6 جوان شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 6 بہادر سپاہیوں نے جامِ شہادت نوش کیا، علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پاک فوج کا سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگایا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 دہشت گرد زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 6 بہادر سپاہی شہید ہوئے جبکہ علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔