ڈاکٹروں نے 5 سالہ بچے کا کٹا ہوا ہاتھ سرجری کرکے دوبارہ جوڑ دیا

راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں کٹے ہوئے عضو کو دوبارہ جوڑنے کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔ اسپتال کے ڈاکٹروں نے 5 سالہ بچے کا کٹا ہوا ہاتھ دوبارہ جوڑ دیا۔ جہلم سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ بچے کا ہاتھ ٹوکے کے وار سے مکمل طور پر کٹ گیا تھا۔ ہولی فلمی اسپتال کے ڈاکٹر طیب اور ڈاکٹر امبرین کی سربراہی میں طبی ٹیم نے ہاتھ کو دوبارہ جوڑنے کی کامیاب سرجری کی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ مائیکرو ویسکیولرسرجری کے ذریعے خون کی شریانیں اور رگیں بحال کردی گئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کامیاب سرجری کے بعد کٹے ہوئے ہاتھ میں خون کی روانی بحال ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کم عمر بچوں کے ہاتھ دوبارہ جوڑنے کی سرجری پیچیدہ ہوتی ہے۔