شمالی وزیرستان: گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے 5 افراد جاں بحق، دو بچے زخمی

 شمالی وزیرستان میں واقع ایک گھر پر گولہ گرنے سے 5 افراد جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہوگئے، زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گولہ گرنے کا واقعہ رزمک سب ڈویژن میں ایک گھر پر پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعہ تھانہ حدود گڑیوم گاؤں ارسل کوٹ میں پیش آیا، واقعے میں ماں سمیت 4 بچے جاں بحق ہوگئے جب کہ 2 بچے شدید زخمی ہیں، زخمی بچوں کو تشویش ناک حالت میں خلیفہ گلنواز اسپتال بنوں منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق گولہ صاحب نور گل نامی شخص کے گھر کے صحن میں گرا، پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔