خیبرپختونخوا؛سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں9خوارج ہلاک،2جوان

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 9 خوارج ہلاک جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 17 اور 18 مئی کی درمیانی شب لکی مروت میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس کے دوران 5 خوارج مارے گئے۔ ضلع بنوں میں دوسری کارروائی کے دوران بھارتی پراکسی کے 2 خوارج ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں خوارج کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس پر سیکیورٹی فورسز کی موثر جوابی کارروائی میں بھارتی اسپانسرڈ 2 خوارج ہلاک ہوئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار بھی شہید ہوئے جن میں کرم کے 29 سالہ سپاہی فرہاد علی طوری اور کوہاٹ کے 32 سالہ لانس نائیک صابر آفریدی شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ خوارج کی ان علاقوں میں ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشنز جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز بھارتی پراکسیز کی طرف سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔