ایکسپو اوساکا میں خیبرپختونخوا کے سرمایہ کاری مواقع پر سیمینار کا انعقاد

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کا خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے اشتراک سے پاک، جاپان ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کانفرنس کا کامیاب انعقاد۔ بین الاقوامی کاروباری برادری، بالخصوص جاپانی تاجروں، سفارت کاروں، سرمایہ کاروں اور ایکسپو کے عمومی شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین حسن مسعود کنور نے افتتاحی خطاب میں کہا، معاشی ترقی، صنعت کاری اور علاقائی روابط کے نئے وژن کے ساتھ خیبرپختونخوا غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ پاکستان کے سفیر برائے جاپان و سیکشن کمشنر جنرل برائے، ایکسپو عبد الحمید نےکہا، پاکستان کا مستقبل پائیدار شراکت داریوں میں پنہاں ہے۔ ہم اپنے جاپانی دوستوں کو خیبرپختونخوا کے بیش قیمت سرمایہ کاری مواقع دریافت کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔ مشیر برائے مالیات، حکومت خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے حکومت کی مالی اصلاحات اور سرمایہ کاروں کو دی جانے والی مراعات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، خیبرپختونخوا سرمایہ کاروں کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ڈاکٹر عبدالصمد، ڈائریکٹر آثارِ قدیمہ و عجائب گھر، نے خیبرپختونخوا کے تاریخی اور ثقافتی خزانوں کو بصری انداز میں پیش کرتے ہوئے مذہبی سیاحت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ تقریب میں خیبرپختونخوا کے قیمتی معدنی ذخائر، گندھارا تہذیب، اور دیگر اسٹریٹجک شعبوں پر مختصر ڈاکیومنٹریز پیش کی گئیں۔ جنہوں نے صوبے کے سرمایہ کاری مواقع اور ثقافتی اہمیت پر بھرپور روشنی ڈالی۔ کانفرنس کا اختتام خیبرپختونخوا کے حکام اور جاپانی سرمایہ کاروں کے درمیان ایک نتیجہ خیز نیٹ ورکنگ سیشن پر ہوا۔ پاکستان پویلین کے پروجیکٹ ڈائریکٹر جناب محمد نصیر نے اس موقع پر کہا کہ یہ صرف ایک کانفرنس نہیں بلکہ ایک بامقصد مکالمہ تھا جو سرمایہ کاروں اور اداروں کے درمیان براہ راست رابطے کا ذریعہ بنا۔